22 فروری 2015 - 15:50
شام میں ترکی کی دراندازی: اوغلو کی وضاحت

ترکی کے وزیراعظم نے شام کے اندر ترک فوج کے حملے کے بارے میں وضاحت پیش کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ترکی کے وزیراعظم احمدداؤد اوغلو نے شام کے اندر ترکی کی فوجی کاروائي کی خبروں کے بعد ایک ہنگامی پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ شام میں داعش کے عناصر یا شامی فوج کے ہاتھوں ترک فوجی گرفتار کرلئے گئے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات شام کے اندر دو مشترکہ فوجی کاروائياں انجام دی گئيں اور اس کے لئے نہ تو کسی سے اجازت لی گئی اورنہ ہی مددمانگی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حملے میں تمام ترممکنہ خطرات اور نتائج کا بھی جائزہ لے لیا تھا۔ ترک وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج نے شاہ سلیمان کے مقبرے تک پیشقدمی کی اور ترک فوجیوں نے شاہ سلیمان کے جنازے کو بحفاظت ترکی واپس پہنچادیا۔ ترک فوجیوں نے شام کے شمالی شہرحلب کے قریب شاہ سلیمان کے مقبرے سے جنازہ نکالنے کے بعد مقبرے کو مسمار کردیا۔ ترک وزیراعظم داؤد اوغلو نے کہا کہ اس کاروائي میں ترک فضائیہ نے بھی احتیاط کے طور پر شرکت کی تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ ممکنہ حملےکا جواب دے سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترک فوج کی یہ کاروائی پوری طرح کامیاب رہی۔ ترک وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بارہا شامی حکومت سے کہا تھا کہ وہ شاہ سلیمان کے مقبرے کی حفاظت کرے۔ دوسری جانب ترکی میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے شام کے اندر کاروائی کرنے کے حکومتی فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲