اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سحر عالمی نیٹ ورک نے السومریہ خبررساں ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری، نائب صدر اسامہ النجیفی اور نائب وزیر اعظم صالح المطلک سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ مسلح اور عسکریت پسند گروہوں تک غیر قانونی اسلحہ پہنچایا جائے۔ عراق کے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اور مراجع کرام بارہا اس بات پر تاکید کر چکے ہیں کہ مجرموں اور جرائم پیشہ عناصر کےخلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔ حیدر العبادی نے ان حکام کے ساتھ ملاقات میں ملک کی سیاسی اورسیکورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ اس نشست میں شریک اعلی عراقی حکام نے عراق کے قومی اتحاد کی تقویت، مذہبی اختلافات کی روک تھام اور عراق میں فرقہ واریت پھیلانے والوں کے مقابلے میں متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ عراقی وزیر اعظم نے ہفتے کو بھی اپنے ایک بیان میں عراقی پارلیمنٹ کےرکن زید الجنابی کے اغواء اور ان کے ساتھیوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ عراقیوں کی سلامتی اور زندگی کے ساتھ کھیلنے والوں کے ساتھ عراقی حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲