اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے میڈیا نے شام کے جنوبی علاقوں قنیطرہ اور درعا کے جنگی علاقوں کے بارے میں اپنی رپورٹوں میں اعتراف کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے اس علاقے میں موجود دہشت گرد گروہوں کی گزشتہ ایک سال کی مدد و حمایت اور کوشش شامی فوج کی پیش قدمی اور مزاحمتی تحریک کی کامیابی سے ناکامی سے دوچار ہوگئی ہے- اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کو شام کے جنوبی علاقوں خاص طور پر قنیطرہ اور درعا میں رونما ہونے والی فوجی تبدیلیوں پر سخت جھٹکا لگا ہے- صیہونی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں میں شامی فوج کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں ہے اور انھیں اس علاقے میں اپنے ٹھکانوں سے پسپائی اختیار کرنی پڑی ہے-
اسرائیل کے ایک ٹی وی چینل نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حزب اللہ لبنان اور شامی فوج نے جنگ کا نقشہ مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا ہے- اسرائیل کے ٹی وی چینل دو نے بھی کہا ہے کہ قنیطرہ شہر پر حملے سے شامی فوج کا مقصد یہ ہے کہ سرحدی علاقے پر کنٹرول حاصل کیا جائے- صیہونی حکومت سے وابستہ ٹی وی چینلوں نے اپنی رپورٹوں میں اعتراف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج حزب اللہ سے مقابلے کی توانائی نہیں رکھتی ہے- صیہونی حکومت نے حالیہ مہینوں کے دوران شام میں دہشت گردوں کی حمایت کے لیے وسیع منصوبے تیار کئے تھے - واضح رہے کہ شام میں زخمی ہونے والے دہشت گردوں کو علاج کے لیے اسرائیل کے اسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲