اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز منعقدہ ایک تقریب سے اپنے خطاب میں، دنیا میں ڈیجیٹل آلات کے استعمال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود، کتاب کی قدر و منزلت میں کبھی کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے- ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کی کہ دانش و افکار کی بنیاد، آج بھی کتاب میں ہی پنہاں ہے- انھوں نے کہا کہ ریڈیو، ٹی وی، سینما، اسٹیج اور اسی طرح تمام ارتباطی وسائل کی بنیاد، کتاب ہی ہے- صدر مملکت نے اسلامی انقلاب کی کامیابی میں کتاب، قرآن اور احادیث کے کردار کو اہم قرار دیا اور کہا کہ حضرت امام خمینی کی رہنمائی اور ہدایات و بیانات کی منتقلی کا ذریعہ، تحریر ہی ہوا کرتی تھی کہ جن کی بدولت، اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا- صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اس وقت بھی حکومت اسلامی کے تحت ایک معاشرے کا نظم و نسق چلانے کیلئے امام خمینی کے مجموعی آثار اور آپ کا وصیت نامہ، سب کی رہنمائی کا ایک ذریعہ ہے- ڈاکٹر حسن روحانی نے صاحب قلم افراد کی اہم ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں چاہیئے کہ اسلامی انقلاب پر صحیح روشنی ڈالتے ہوئے اس کی طراوت و تازگی کی ضمانت فراہم، اور اسے فروغ دینے کی کوشش کریں- صدر مملکت نے کہا کہ دنیا کے قلمکاروں کو چاہیئے کہ عالمی رائے عامہ کیلئے اس حقیقت کو اجاگر کریں کہ ایران کا اسلامی انقلاب، اعتدال کا انقلاب ہے جس میں عقل و منطق اور کتاب کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا- انھوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب، افراط و تفریط سے عاری، اور منطق کی بنیاد پر عوام کے معنوی و مادی مسائل حل کرنے کیلئے وجود میں آیا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲