اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم حیدر العبادی نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فونی گفتگو میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا - اس ٹیلی فونی گفتگو میں عراق اور علاقے کی تازہ ترین سیاسی و سیکورٹی صورت حال اور دہشت گردگروہ داعش کے خطرات کا بھی دونوں رہنماؤں نے جائزہ لیا- عراقی وزیراعظم نے اس گفتگو میں کہا کہ بغداد ریاض کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے- سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بھی اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سعودی عرب عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے، کہا کہ ان کا ملک دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ میں عراقی حکومت کی حمایت کرے گا-
سعودی عرب کے بادشاہ نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے سعودی عرب اور عراق کے سماجی اور قبائلی تعلقات کو بھی مضبوط بنانے پر زور دیا- واضح رہے کہ عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے برسراقتدار آنے کے بعد علاقے کے ممالک خاص طور پر سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے قابل ذکر کوششیں کی ہیں اور پروگرام کے مطابق سعودی عرب کا سفارت خانہ پچیس سال کے بعد بغداد میں دوبارہ کھلے گا- عراقی حکام کی جانب سے سعودی عرب اور خلیج فارس کے دیگر عرب ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کے باوجود سعودی عرب اور قطر جیسے ممالک عراق میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کررہے ہیں – دو روز قبل بھی ایسی اطلاعات آئی تھیں کہ سعودی عرب کے خفیہ ادارے کے افسران کی بڑی تعداد عراق کے صوبہ الانبار میں داخل ہوئي ہے -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲