24 جنوری 2015 - 09:00
آرایس ایس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی مہم

امریکا میں مقیم سکھوں نے ہندوستان کی حکمران جماعت کی حامی انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو امریکی عدالت سے دہشتگرد تنظیم قرار دے کر بلیک لسٹ کروانے کیلئے وفاقی عدالت سے رجوع کر لیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکا میں مقیم سکھوں نے ہندوستان کی حکمران جماعت کی حامی انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو امریکی عدالت سے دہشتگرد تنظیم قرار دے کر بلیک لسٹ کروانے کیلئے وفاقی عدالت سے رجوع کر لیا۔ سکھس فارجسٹس نامی تنظیم کی طرف سے جمع کرائی گئی 26صفحات پر مشتمل درخواست پر امریکی وفاقی عدالت نے وزیر خارجہ جان کیری سے 60دن کے اندر جواب طلب کر لیا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آر ایس ایس جو موجودہ وزیر اعظم کی ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی سرپرست ہے،  تشدد کے متعدد واقعات میں ملوث ہے ۔ یہ تنظیم ہندوستان کو ہندو ریاست اور اسے ہندو مت کی مذہبی اور ثقافتی شناخت دینے کیلئے پرتشدد اور گھنائونی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ مقدمہ ایک ایسے وقت دائر کرایا گیا ہے جب امریکی صدر براک اوباما 26جنوری کو ہندوستان  کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے والے ہیں۔ سکھوں کے وکیل گرپتونت پنوں نے کہا کہ انہوں نے اس سے قبل آر ایس ایس کو دہشتگرد قرار دے کر بلیک لسٹ کرنے کیلئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے براہ راست رابطہ کیا تھا لیکن ان کی طرف سے طویل عرصہ تک کوئی جواب موصول نہ ہونے کے بعد عدالت سے رجوع کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ آر ایس ایس پر جس کا قیام 1925ء میں عمل میں لایا گیا تھا، تقسیم ہند سے قبل ایک بار اور بعد ازاں تین بار پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲