13 جنوری 2015 - 13:25
عراقی وزیر پٹرولیم کا دورہ تہران، اہم مسائل پر گفتگو

ایران کے وزیر خارجہ اور عراق کے وزیر پٹرولیم نے متعدد مسائل پر مذاکرات کئے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظريف اور عادل عبد المہدی نے پیر کی شام تہران میں دو طرفہ تعلقات میں توسیع اور ان میں زیادہ مضبوطی لانے کے راستوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسی طرح دو طرفہ تعلقات کی حتمی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ہی علاقے کے سیاسی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لئے باہمی و کثیر الجہتی تعاون کے امکانات سے استفادہ کئے جانے پر زور دیا۔

ایران کے وزیر خارجہ اور عراق کے وزیر پٹرولیم نے اس ملاقات میں دہشت گردی سے جدوجہد میں دونوں ممالک کے تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے علاقے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے علاقائی ہم آہنگی میں اضافے کو ضروری قرار دیا۔

دوسری جانب مصلحت نظام کونسل کے سربراہ نے عراق کے وزیر پٹرولیم سے ملاقات میں کہا ہے کہ دنیا کے لئے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ داعش کی شکست عراق سے شروع ہونی چاہئے۔

آیت اللہ ہاشمي رفسجاني نے پیر کو کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش پر عراقی عوام کی فتح اس ملک کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ انہوں نے شیعہ، سنی، کرد اور دیگر مذاہب و فرقوں کے لوگوں کے تعاون اور ان کی یکجہتی کو عراقی عوام کے آج و مستقبل کے لئے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ عراقی گروہوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر ملک میں ایک جامع عوامی حمایت یافتہ حکومت ہو اور مذہبی رہنماؤں کی ہدایت کے مطابق عوام متحد ہوں تو پھر دہشت گرد گروہ ان کا کچھ بگاڑ نہیں سکتے۔

اس ملاقات میں عراق کے وزیر پٹرولیم عادل عبد المہدی نے عراق کے داخلی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف عراقی فوج کی مسلسل فتح اور اس گروہ کے قبضے میں موجود علاقوں خاص کر موصل سٹی میں ہو رہی وحشیانہ کاروائیوں کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ عوام کو سلفي مذہب اپنانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پوری دنیا پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت منا رہی تھی، داعش نے موصل سٹی کے عوام کو اس موقع پر کسی بھی قسم کی تقریب کے انعقاد سے سختی سے روک دیا تھا۔ انہوں نے اسی طرح کہا کہ ایران و عراق دنیا کی تیل کی ضرورت کے ایک بڑے حصے کی فراہمی کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کچھ علاقائی ملک، اقتصادی نقصان برداشت کر کے بھی تیل کو اس کی اصل قیمت تک نہیں پہنچنے دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایران اور عراق کا تعاون ضروری ہے۔
واضح رہے کہ عراق کے وزیر پٹرولیم عادل عبد المہدی ایران کے اعلی حکام سے تیل سمیت مختلف موضوعات پر مذاکرات کے لئے پیر کو تہران پہنچے ہیں۔

.......

/169