4 جنوری 2015 - 11:55
عراق، بصرہ میں تین سنی علماء کا قتل

عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں فرقہ وارانہ تشدد کے ایک واقعہ میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے اہل سنت کے تین علماء کو قتل کر دیا ہے جب کہ وسطی بغداد میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں چار شہری جاں بحق اور بارہ زخمی ہو گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معان نے ایک بیان میں کہا کہ تشدد کا یہ واقعہ بصرہ سے نواح میں واقع سنی آبادی والے علاقے باب الزبیر میں پیش آیا ہے جہاں علماء ایک کار میں سوار ہوکر کہیں جارہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تین علماء جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب عراق کے سْنی علماء دین کی تنظیم نے اس واقعے کے بعد جاری کردہ بیان میں لوگوں سے پْرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ بصرہ میں فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ دریں اثنا عراق کے دارالحکومت بغداد کے وسطی علاقے میں سڑک کے کنارے نصب بم کے دھماکے میں چار شہری جاں بحق اور بارہ زخمی ہو گئے ہیں۔ بغداد اور بصرہ میں تشدد کے یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب ملک کے شمالی شہروں میں داعش کے خلاف جنگ جاری ہے واضح ہو کہ تکفیری گروہ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔

.......

/169