اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان میں تمام سیاسی جماعتوں نے فوجی عدالتوں کے قیام سے اتفاق کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت کل جماعتی کانفرنس کا مشترکہ بیان جاری کردیا گیا۔ پاکستان کی پوری قومی سیاسی قیادت نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے قیام پر اتفاق کر لیا، ان خصوصی عدالتوں کی مدّت، دو سال ہوگی جن میں سیاسی مقدمات کی سماعت نہیں ہوگی اور صرف دہشت گردوں کے کیس ہی چلیں گے۔ پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت آل پارٹیز کانفرنس، وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں آصف علی زرداری ، عمران خان، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، محمود خان اچکزئی اور آفتاب احمد خان شیرپاؤ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ نے شرکت کی۔ پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ کانفرنس میں انسداد دہشت گردی کے بیس نکاتی قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کا فیصلہ کیاگیا۔ آل پارٹیز کانفرنس کے مشترکا بیان میں کہا گیا ہے کہ پوری قوم، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲