اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے کہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جن مسائل پر مذاکرات ہورہے ہیں ان میں سے ابتک کسی بھی مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا ہے۔ ایران کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے اس سلسلے میں ایسوشیئٹڈ پریس کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان کسی بھی قسم کے سمجھوتے کے بارے میں اس طرح کا پروپیگنڈا خاص سیاسی اغراض و مقاصد کیلئے انجام پارہا ہے کہ جس کا اہم ترین مقصد ماحول کو بگاڑنا اور مسائل کے حل کو پیچیدہ بنانا ہے۔ واضح رہے کہ ایسوشیئٹڈ پریس نے جمعے کی رات یہ دعوی کیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ایک عارضی سمجھوتہ طے پایا ہے جس کے مطابق تہران، جوہری ہتھیار بنائے جانے کیلئے قابل استعمال ایٹمی مواد کا ایک بڑا حصہ روس منتقل کریگا۔ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس قسم کا پروپیگنڈا مکمل طور پر بے بنیاد ہے اور اس سلسلے میں جاری کی جانے والی رپورٹوں کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲