28 دسمبر 2014 - 09:56
بیلاروس کے وزیر خارجہ کا دورہ ایران + تصویر

ایران اور بیلاروس کے وزرائےخارجہ نے مختلف میدانوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تاکید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے آج تہران میں بیلا روس کے وزيرخارجہ ولادیمیر ماکی سےملاقات میں تمام میدانوں میں ایران اور بیلا روس کے تعلقات کے فروغ پرتاکید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک بہت اچھے دوست ہیں جو اپنے تعاون کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہيں۔ ایران کے وزيرخارجہ جواد ظریف نے اسلامی جمہوریہ ایران اور بیلا روس کے خلاف غیرمنصفانہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مغربی ممالک کو اس بات کی اجازت نہيں دینی چاہئے کہ وہ پابندیوں کو دوسرے ممالک کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کریں۔ جواد ظریف نے کہا کہ وہ ممالک جن پر غیرقانونی اور ظالمانہ پابندیاں عائد کی جاتی ہيں انھیں چاہئے کہ اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اور تعاون کے ذریعے اپنی راہ جاری رکھیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے ایٹمی مسئلے کے حل کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم اور نیک نیتی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مغربی ممالک اس حقیقت کو سمجھ لیتے ہيں کہ غیرمنصفانہ اور بین الاقوامی قوانین کے برخلاف پابندیاں ان کے لئے ایک بڑی کامیابی شمار نہيں ہوتی تو ایران اورگروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات نتیجہ خیز ہوجائيں گے۔ اس موقع پر بیلا روس کے وزیرخارجہ نے اپنے دورہ تہران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران ، ہمیشہ سے ہی بیلا روس کے قابل اعمتاد دوستوں میں رہا ہے۔ بیلا روس کے وزيرخارجہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات میں فروغ رہا ہے لیکن یہ فروغ دونوں ملکوں کے تعلقات کی بلند سطح کی مناسبت سے نہيں رہا ہے اور ضروری ہے کہ اقتصادی تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں۔ بیلاروس کے وزيرخارجہ ولادیمیرماکی نے تاکید کےساتھ کہا کہ ان کا ملک پرامن ایٹمی انرجی کے استعمال کے سلسلے میں ایران کے حق کی حمایت کرتا ہے اور اس کا خیال ہے کہ ایرانی مذاکراتی ٹیم نے اب تک پوری دلچسپی ، عقلمندی اور تدبیرکے ساتھ قدم اٹھایا ہے۔ واضح رہے کہ بیلاروس کے وزيرخارجہ ولادیمیر ماکی آج صبح دوروزہ دورے پر تہران پہنچے ہيں۔

.......

/169