28 دسمبر 2014 - 05:10
حکومت پاکستان اور تحریک انصاف مذاکرات پھر بے نتیجہ

حکومت پاکستان اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور بغیر کسی پیشرفت کے ختم ہوگیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز مذاکرات کا نیا دور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں دونوں فریقین ایک بار پھر لفظ ''دھاندلی'' کی تعریف سے متعلق نکتے پر متفق نہیں ہو پائے. تحریک انصاف کی مذاکرات کار کمیٹی کا موقف تھا کہ حکومت کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس میں جوڈیشل کمیشن سے متعلق جو مسودہ پیش کیا گیا وہ اطمینان بخش نہیں تھا اور اس میں سے وہ تمام نکتے حذف کردیئے گئے جن پر دونوں کمیٹیوں کا اتفاق ہو چکا تھا، دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے نئے مسودے پر دونوں مذاکراتی ٹیمیں اپنی اپنی قیادت کو اعتماد میں لیں گی اور مذاکرات کا اگلا دور منگل کو ہوگا۔ دوسری جانب بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سکریٹری جنرل جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں دونوں ٹیموں کے ارکان نے جن معاملات پر پیشرفت کی ہے ان سے اپنے اپنے قائدین سے آگاہ کیا جائے گا اور ان سے مزید ہدایات لی جائیں گی، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ بات چیت کے عمل کو طول دینے سے تحریک انصاف اپنی راہ کھو دے گی تو وہ غلط ہے۔

واضح رہے کہ دونوں کمیٹوں کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بھی دھاندلی کی تعریف کی وجہ سے ڈیڈلاک کا شکار ہو گئے۔

.......

/169