اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان سونی پکچرز کی فلم ’دی انٹرویو‘ کی ہیکنگ کے معاملے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور شمالی کوریا نے بے جا تنقید اور انٹرنیٹ بند کرنے پر امریکی صدر باراک اوبامہ کو بندر سے تشبیہہ دے دی ہے۔اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ نے سونی پکچرز کی مزاحیہ فلم ’دی انٹرویو‘ کی ہیکنگ کے معاملے کو جواز بنا کر ہمارے بہت سے میڈیا چینلز کی انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے۔ شمالی کوریا کے نیشنل ڈیفنس کمیشن نے دی انٹرویو کو غیر قانونی اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔ باراک اوبامہ ہمیشہ الفاظ کا غلط چناؤ کرتے ہیں اور جنگل میں رہنے والے بندر کی مانند حرکتیں کرتے ہیں۔ سونی پکچرز کی جانب سے بنائی گئی فلم امریکہ کی جابرانہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سونی پکچرز کی جانب سے شمالی کوریا کے رہنما کم جان ان پر بننے والی مزاحیہ فلم دی انٹرویو کو ہیک کر لیا گیا تھا جس کا الزام امریکہ نے شمالی کوریا پر لگایا تھا جب کہ شمالی کوریا نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
.......
/169