اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے سانحۂ پشاور کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز میں مستقل قیام امن کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے کیونکہ جس ملک میں جرم کی سزاء نہ ہو، وہاں ظلم اور بربریت پروان چڑھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے پشاور دورہ کے موقعہ پر ہسپتال میں زیر علاج آرمی سکول کے زخمی طلباء کی عیادت کے دوران کیا۔ اِس موقع پر شیعہ علماء کونسل صوبہ خیبر پختونخواہ کے صدر علامہ محمد رمضان توقیر، ضلعی صدر آخونزادہ مجاہد علی اکبر اور دیگر ضلعی عہدیداران بھی اُن کے ہمراہ تھے۔ علامہ عارف واحدی نے زیر علاج زخمی پروفیسر ذوالفقار علی کی بھی عیادت کی اور دُکھ، تکلیف اور آزمائش کی اِس گھڑی میں اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ بعد آزاں اُنہوں نے وفد کے ہمراہ آرمی پبلک سکول اینڈ ڈگری کالج کا دورہ کیا، جہاں واقعے میں زندہ بچ جانے والے طلباء اور اساتذہ سے ملاقات کی اور اُنہیں علامہ سید ساجد علی نقوی کی طرف سے اظہارِ یکجہتی کا پیغام پیش کیا۔
وفد کے ارکان نے سانحے کے شہداء کی یاد میں شمیں روشن کیں، پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور فاتحہ خوانی کی۔ اِس موقع پر سکول اساتذہ میڈم ناہیدہ مختار، میڈم گلناز، میڈم عائشہ، میڈم ثناء اور زندہ بچ جانے والے بچوں نے اپنے اوپر گزرنے والے حالات سُنائے، جس سے وہاں پر موجود سینکڑوں فیملی ممبرز اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سکول گراؤنڈ میں ہر طرف آہوں، سسکیوں اور نالوں سے اپنے بچھڑے معصوموں پر ہوئے ظلم اور بربریت پر آنسو بہاتے نظر آئے۔ علامہ عارف واحدی نے سکول گراؤنڈ میں موجود طلباء و اساتذہ اور اُنکے خانوادوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی بربریت اور سفاکیت نے کربلا کی یاد تازہ کردی کہ یزیدیوں نے کس طرح چن چن کر رسول اﷲ ؐ کی آلِ پاک کو ذبح کیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس ملک میں اب بہت ظلم ہوچکا لیکن اب وہ دن دُور نہیں جب اِن معصوموں کا خون رنگ لائے گا اور اِس ملک و قوم اور انسانیت کے دُشمن کیفرِ کردار تک پہنچے گے۔
.......
/169