اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبے خیبر پختونخواہ کے مرکز پشاور میں پیش آنے والی دہشت گردی کی وحشیانہ کارروائی میں ایک سو اکتالیس زندگیوں کے چراغ گل کردیئے گئے۔ پشاور کے اس قومی سانحہ کے خلاف آج ملک بھر میں سوگ منایا جارہا ہے۔ تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہیں، جبکہ جاں بحق ہونے والوں کیلئے شہرشہر قرآن خوانی کے اجتماعات منعقد کئے جا رہے ہیں۔ بزدل دہشت گردوں نے ایک بار پھر پاکستان کی قوم پر بزدلانہ وار کیا، اس بار نشانہ بنے معصوم طلبہ، دہشت گردوں نے اسکول کو سو سے زیادہ بچوں کا مقتل بنایا تو پورے ملک کی فضا سوگوار ہوگئی۔ انسانیت دشمنوں کی کارروائی میں ماؤں کی گودیں اجڑیں تو باپ اپنے سہارے سے محروم ہوئے۔ آج پشاور کی گلی گلی سے جنازے اٹھے اور شہر کی فضا مکمل طور پر سوگوار ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس المناک سانحہ پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ یوم سوگ کے موقع پرآج تمام سرکاری عمارتوں اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ معصوم طلبا کے وحشیانہ قتل عام نے پورے پاکستان میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے اپنی سرگرمیاں معطل کرکے تعزیتی اجتماعات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاجر تنظیموں نے آج ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں معطل اور دکانیں بند رکھنے کی اپیل کی، پشاورمیں تمام تعلیمی ادارے دو روز کیلئے بند رہیں گے۔



















.......
/169