اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے پاکستان کے شہر پشاور میں ایک سکول پر دہشت گردانہ حملے کے دوران نہتے معصوم بچوں کی وحشیانہ ہلاکت اور 100 سے زائد زخمی کئے جانے کے سانحہ پر شدید افسوس اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کو ہر لحاظ سے انسانیت سوز اور قابل مذمت قرار دیا ہے ۔
سری نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق میر واعظ نے اپنے بیان میں حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام اور مرنے والوں کے عزیز و اقارب کے ساتھ اس سانحہ پر اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس قسم کی دہشت گردانہ کارروائیوں کو اسلام اور انسانیت کے اعلیٰ اقدار اور اصولوں کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے اور نہتے انسانوں کا قتل چاہے جہاں بھی ہو اور جس کے ذریعہ بھی ہو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے اور یہ وحشیانہ عمل انجام دینے والے کسی بھی طور اسلام اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں کہلائے جاسکتے۔
اس دوران جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ پشاور پاکستان میں ایک اسکول پر ہوا دہشت گردانہ حملہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے اور اس سے بڑی بے رحمی اور درندگی کا کوئی تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔ بیان میں کہا گيا ہے کہ جس طرح معصوم اور نہتے بچوں اور اساتذہ کو بے تحاشا گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، اس سے واضح ہوتا ہے کہ اس بدترین سفاکیت میں ملوث عناصر بدترین درندے ہیں جو کسی بھی صورت میں قابل برداشت نہیں ہیں۔ اس طرح کی حرکتوں سے لگتا ہے کہ دشمنان اسلام ، مسلمانوں اور اُن کے دین جو سراسر رحمت ہے، کو بدنام کرانے کی خاطر ایسی بہیمانہ کارروائیاں کراتے ہیں۔ جماعت اسلامی جموں و کشمیر اس حملے کو انسانی تاریخ کا بہت ہی بھیانک ظلم قرار دیتے ہوئے، اس میں شہید ہوئے معصوم بچوں اور اساتذہ کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی متمنی ہے۔ حملہ کرنے والوں کا اُمت مسلمہ کے ساتھ کوئی تعلق ہی نہیں ہو سکتا ہے کیونکہ یہ اُمت جملہ انسانیت کی فلاح و بہبود اور دنیا سے فتنہ و فساد مٹاکر، امن و امان کی فضا قائم کرنے کے لیے وجود میں آئی ہے۔
دریں اثناء سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر نے پاکستان کے شہر پشاور میں ایک سکول پر دہشت گردانہ حملے کے سانحہ پر شدید افسوس اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کو ہر لحاظ سے انسانیت سوز اور قابل مذمت قرار دیا ہ ۔ بیان کے مطابق انہوں نے حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام اور مرنے والوں کے عزیز و اقارب کے ساتھ اس سانحہ پر اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس قسم کی دہشت گردانہ کارروائیوں کو اسلام اور انسانیت کے اعلیٰ اقدار اور اصولوں کے منافی قرار دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲