اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء و ممتاز عالم دین علامہ نواز عرفانی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے علامہ نواز عرفانی کےقتل میں ملوث عناصر کو بارہ گھنٹوں کے اندر اندر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر حکومت نے ان عناصر کو گرفتار نہ کیا تو مجلس وحدت المسلمین اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کرے گي۔ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ایک ایسے شہر میں جہاں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اس قسم کے واقعہ کا ہونا، سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، انہوں نے علامہ عرفانی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ علامہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ہم اس دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں انہوں نے سوال کیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کہاں ہیں،؟ آج عوام اور علماء محفوظ نہیں، دہشتگرد آزاد پھر رہے ہیں۔ انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت سے اظہار تعزیت بھی کی ۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا نے بھی علامہ شیخ نواز عرفانی کے قتل کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں داعش کیلئے راہیں ہموار کی جا رہی ہیں، چند روز قبل کالعدم جماعتوں پر سے پابندی اٹھانا ثابت کرتا ہے کہ ملک کو جان بوجھ کر دہشتگردی اور فرقہ واریت کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے بھی واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے ایک رہنما اور ممتاز شیعہ عالم دین علامہ محمد نواز عرفانی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے شہید کردیا ہے۔ نامعلوم مسلح افراد نے مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ای الیون کے قریب ان پر فائرنگ کر کے انہیں شہید کردیا۔
.......
/169