13 نومبر 2014 - 11:04
افغانستان میں امریکی ڈرون حملے، ۲۷ مسلح افراد ہلاک

افغانستان میں امریکی ڈرون حملے اور سیکیورٹی فورسزکے آپریشن میں 27 مسلح عناصرہلاک اور 14 زخمی ہوگئے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان میں امریکی ڈرون حملے اور سیکیورٹی فورسزکے آپریشن میں 27 مسلح عناصرہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق بدھ کو مشرقی صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون طیارے کے حملے میں اہم طالبان لیڈرسمیت 6 جنگجو مارے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ منگل کی شام ضلع اسپنگرمیں کیاگیا۔ دوسری جانب افغان سیکیورٹی فورسز کے مختلف صوبوں میں آپریشن کے دوران 21 جنگجو مارے گئے۔وزارت داخلہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل پولیس،آرمی اورانٹیلی جنس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مشترکہ طور پر آپریشن کیا جس میں 14 جنگجو زخمی بھی ہوگئے۔ آپریشن صوبے قندوز، نورستان، لوگر، پکتیا، خوست، پکتیکا، زابل، قندھار، غزنی، ارزگان، لغمان اور کنٹر میں کیا گیا اور مختلف اقسام کے ہتھیار اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔ ادھر مغربی صوبے ہرات کے ایک بازار میں مارٹر شیل کا دھماکا ہوا جس میں باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا۔ دوسری جانب افغان حکام کا کہنا ہے کہ صوبے ہرات میں 2 پاکستانی شہری لاپتہ ہوگئے ہیں۔ دونوں شہری فائبرآپٹک پروجیکٹ کیلیے کام کررہے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲