اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ علاقے میں بدامنی و بحران سے کسی ملک کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکتا۔ انھوں نے آج تہران میں ناروے کے وزیرخارجہ بورگے برینڈے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی کا علاقہ شدید بحران سے دوچار ہے اور دنیا کے دیگر علاقوں اور یوکرین کے بحران جیسے واقعات سے مشرق وسطی کے بحران پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر علی اکبر ولایتی نے دہشتگرد گروہ داعش کے جرائم کے بارے میں بھی کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ اس دہشتگرد گروہ کو جس سے پوری عالمی برادری اور علاقے کیلئے خطرات پیدا ہوگئے ہیں، بعض یورپی ملکوں کی حمایت حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس مسئلے پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے کہ اس دہشتگرد گروہ میں بعض یورپی ملکوں کےشہری بھی شامل ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ناروے کے وزیر خارجہ کے دورۂ تہران سے ایران اور ناروے کے درمیان تعلقات کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲