18 اکتوبر 2014 - 08:59
داعش کے دہشتگرد حلب میں شامی طیارے اڑانا سیکھ رہے ہیں

عراق وشام میں برسرپیکار دولت اسلامی (داعش) کے جنگجو اب جنگی طیارے اڑانا سیکھ رہے ہیں اور اس سخت گیر تنظیم میں شامل عراقی فضائیہ کے سابق پائیلٹ ان دنوں جنگجوؤں کو شامی فضائیہ کے پکڑے گئے تین جیٹ طیاروں میں تربیت دے رہے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراق وشام میں برسرپیکار دولت اسلامی (داعش) کے جنگجو اب جنگی طیارے اڑانا سیکھ رہے ہیں اور اس سخت گیر تنظیم میں شامل عراقی فضائیہ کے سابق پائیلٹ ان دنوں جنگجوؤں کو شامی فضائیہ کے پکڑے گئے تین جیٹ طیاروں میں تربیت دے رہے ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے جمعہ کو اطلاع دی ہے کہ داعش کے جنگجو شام کے شمالی صوبے حلب میں اپنے زیر قبضہ ایک فوجی ہوائی اڈے سے پکڑے گئے طیارے اڑا رہے ہیں اور ان کے ذریعے اپنے جنگجوؤں کو فوجی تربیت دے رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ''داعش کے پاس تربیت دینے والے ٹرینرز موجود ہیں۔وہ عراق کے سابق مصلوب صدر صدام حسین کی فوج کے پائیلٹ ہیں۔مقامی لوگوں نے فوجی ہوائی اڈے سے بہت مرتبہ شامی فضائیہ کے پکڑے گئے ان طیاروں کو اڑتے ہوئے اور واپس اترتے ہوئے دیکھا ہے''۔

واضح رہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے اگست میں شام کے مشرقی شہر الرقہ کے نزدیک طبقہ کے ہوائی اڈے پر قبضہ کر لیا تھا اور اس وقت وہاں موجود روسی ساختہ متعدد مِگ 21 بی لڑاکا طیارے بھی قبضے میں لے لیے تھے۔اس وقت امریکا کی قیادت میں اتحادی ممالک کے جنگی طیارے عراق اور شام میں داعش کے جنگجوؤں اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ برسرزمین عراقی اور کرد فورسز بھی ان کے خلاف لڑرہی ہیں۔

.......

/169