اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے وزیراعظم کے خارجہ اورقومی سیکیورٹی کے امور میں مشیرسرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو لکھے گئے خط میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدہ صورتحال سے متعلق آگاہ کیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے ہندوستانی فورسز لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کررہی ہیں، ہندوستان نے یکم اکتوبر سے 10 اکتوبر تک لائن آف کنٹرول کی 20 جبکہ ورکنگ باؤنڈری پر 22 مرتبہ خلاف ورزیاں کیں، اس دوران ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے 12 پاکستانی شہری ہلاک اور 52 زخمی ہوئے جن میں 9 پاکستانی فوجی بھی شامل ہیں، ہندوستانی فائرنگ پر پاکستان نے ذمہ داری کےساتھ جوابی کارروائی کی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام معاملات کا پرامن حل چاہتا ہے، گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کو یاد دہانی کروا رہا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لئے وہ اس سلسلے میں اپنے وعدوں کو پورا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکو حل کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲