اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق سید عباس عراقچی نے نامہ نگاروں کے اجتماع ميں کہا کہ اس ہفتے منگل اور بدھ کو ایران کے ایٹمی مسئلے کےبارے میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف ، امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین اشٹین کے درمیان آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔ عراقچی نے مزید کہا کہ یہ مذاکرات ، پابندیاں اٹھائے جانے اور یورینیم کی افزودگي جیسے مسائل کے بارے میں ہوں گے اور امید ہے کہ اس سلسلے میں مشکلات کے حل کے لئے فریقین ٹھوس قدم اٹھائيں گے ۔ایران کے نائب وزیر خارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ فریقین مذاکرات جاری رکھنے میں سنجیدہ ہیں ، کہا کہ ہر بات کا، حتی مذاکرات کی مدت میں توسیع کا بھی امکان پایا جاتا ہے۔واضح رہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ساتویں دور کے مذاکرات گذشتہ مہینے نیویارک میں ہوئے تھے جو بے نتیجہ رہے تھے۔
.......
/169