9 اکتوبر 2014 - 13:12
عراق، دہشت گردوں سے مقابلے پر تاکید

ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی کے اسپیکر نے عراق میں دہشت گردوں سے مقابلے میں قومی آشتی کی حفاظت پر زور دیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق علی لاریجانی نے عراق کے وزیر کھیل عبد الحسین عبطان سے ملاقات میں عراق سمیت علاقے کی صورتحال کو پیچیدہ قرار دیا اور کہا کہ عراق کی سیاسی جماعتوں اور گروہوں کے درمیان قومی اتحاد اور یکجہتی سے عراق میں تشدد و شدت پسندی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔

انہوں نے عراق میں نئی حکومت کی تشکیل کو اس ملک کے عوام کے مسائل کو کم کرنے کی سمت میں ایک موقع قرار دیا اور کہا کہ اس حکومت کی تشکیل سے عراق کے مسائل خاص طور پر سیکورٹی صورتحال میں بہتری اور دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کے عمل میں تیزی آئے گی۔

اس موقع پر عراق کے وزیر کھیل عبد الحسین عبطان نے ایرانی حکومت و عوام کی جانب سے عراقی قوم کی حمایت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی سے جدوجہد اور عراق میں امن کے قیام کا ہمیشہ حامی رہا ہے اور یہ بات عراقی عوام کبھی نہیں فراموش کر سکتے۔
انہوں نے اسی طرح سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات میں توسیع کو عراق کی نئی حکومت اور اس ملک کی سیاسی جماعتوں کی خواہش قرار دیا۔
.......

/169