اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فورسز کی مدد سے پیش مرگہ فورسز نے البشیر قصبہ کو آزاد کرا لیا، اس قصبہ پر جون میں داعش کے دہشت گردوں نے قبضہ کر لیا تھا اور اسے کرکوک کے خلاف حملوں کے لیے بیس کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
فوجی ذرائع کے مطابق، کرد فورسز نے منگل کو علی الصباح شمالی شہر موصل سے شمال مغرب میں ایک سو کلومیٹر دور واقع قصبے رابعہ پر حملہ کیا تھا اور نواحی دیہات السعیدیہ اور محمودیہ پر قبضے کے بعد رابعہ میں داخل ہوگئے ہیں۔ یہ قصبہ شام کی سرحد کے نزدیک واقع کی ہے۔
جون کے اوائل میں داعش کے موصل پر قبضے کے وقت رابعہ اور زمار پر کرد فورسز نے کنٹرول کر لیا تھا لیکن ایک ماہ بعد داعش نے دوبارہ اس پرقبضہ کر لیا۔
دوسری جانب داعش کے ٹھکانوں پر امریکی اور اس کے اتحادیوں کے فضائی حملے جاری ہیں، اور اب برطانیہ کے جنگی طیارے بھی داعش کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کر رہے ہیں۔
کرد فورسز کے ایک جنرل وسطہ رسول کا کہنا ہے کہ اب ان کے فوجی کرکوک سے جنوب میں قریباً تیس کلومیٹر دور واقع گاؤں الواحدہ کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں لیکن وہاں انھیں داعش کے جنگجوؤں کی جانب سے شدید جوابی کارروائی کا سامنا ہے۔
.......
/169