18 ستمبر 2014 - 14:26
تہران- باکو کے تعلقات کو کوئی متاثر نہیں کر سکتا

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک تہران- باکو کے دوستانہ تعلقات کو خراب نہیں کر سکتا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق  صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک تہران- باکو کے دوستانہ تعلقات کو خراب نہیں کر سکتا۔انہوں نے جمہوریہ آذربائجان کے وزیر اقتصاد و صنعت اور دونوں ملک کی اقتصادی تعاون کی کمیٹی کے سربراہ سے تہران میں ملاقات میں ایران اور جمہوریہ آذربائجان کے تاریخی تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور باکو، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں ایک دوسرے سے قریبی تعلقات رکھ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر روحانی نے دہشت گردی کو خطے کے تمام ممالک کے لئے شدید خطرہ قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی وہ خطرناک و متعدی بیماری ہے جس نے سرحدوں پر ڈیرہ ڈال لیا ہے اور اگر تمام ملک متحد نہ ہوئے اور اس خطرے کے سامنے نہ ڈٹے تو کسی بھی وقت اس بیماری کے جراثیم ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔

صدر نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ مشرق وسطی کے علاقے کو سیکورٹی کے سنگین مسائل کا سامنا ہے، کہا کہ كاكیشيا کے علاقے میں برسوں سے اصل معنوں میں امن قائم نہیں ہے اور عراق، شام اور لبنان سمیت مشرق وسطی کا علاقہ بھی شدید مسائل میں مبتلا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح فلسطینی عوام کے حقوق پر صیہونی حکومت کی جارحیت کو بہت ہی تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ چند ماہ قبل غزہ میں پیدا ہونے والی صورتحال نے دکھا دیا کہ صیہونی حکومت کسی بھی بین الاقوامی قوانین کو نہیں مانتی۔

اس ملاقات میں میں جمہوریہ آذرباجان کے وزیر صنعت و اقتصاد نے اپنے ملک کے صدر کا پیغام ڈاکٹر روحانی کو پہنچایا اور کہا کہ صدر کے حکم کے مطابق انہوں نے توانائی، سرحدی دریاؤں، تیل اور گیس کے شعبوں میں تعاون کو وسیع کرنے کے لئے ایران کا دورہ کیا ہے۔
.......

/169