9 ستمبر 2014 - 15:19
دہشتگردی کیلئے عراق جانیوالے پاکستانی ایران میں گرفتار

ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا ہے افغانستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے یہ لوگ ایران کے راستے عراق جانا چاہ رہے تھے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی حکومت کے ایک وزیر نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے کچھ لوگوں کو گرفتار کیا ہے جو ایران کے راستے عراق جا کر دولت اسلامی کے جنگجووں میں شامل ہونا چاہتے تھے۔ ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا ہے افغانستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے یہ لوگ ایران کے راستے عراق جانا چاہ رہے تھے، جنہیں ایران میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی جس نے ایرانی وزیر داخلہ کا بیان جاری کیا، اس نے گرفتار ہونے والے افغان اور پاکستانی شہریوں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے۔ یاد رہے کہ ایران کی سرحدیں مشرق میں پاکستان اور افغانستان سے ملتی ہیں جبکہ اس کے مغرب میں عراق واقع ہے۔ ایرانی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی سکیورٹی فورسز سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے پوری طرح چوکس ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی میڈیا میں یہ خبریں تواتر کے ساتھ آ رہی ہیں کہ عراق اور شام میں دہشت گردی میں ملوث داعش نامی تنظیم کو افغانستان اور پاکستان کے شدت پسندوں کی طرف سے خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔ اسی طرح جنداللہ نامی دہشت گرد تنظیم نے کراچی میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

.......

/169