9 ستمبر 2014 - 13:05
افغانستان، سیاسی بحران شدید ہوا، کوششیں ناکام

افغانستان میں انتخابات کے نتائج کو لے کر سیاسی بحران پھر سے گہرا گیا ہے۔

صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے ایک امیدوار عبداللہ عبداللہ نے سیاسی کوششوں کو ناکام بتاتے ہوئے خود کو انتخابات میں کامیاب قرار دیا ہے۔ انہوں نے پیر کی شام کابل میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اقتدار کی تقسیم کے سلسلے میں تمام سیاسی کوششیں ناکام رہی ہیں اور وہ ہی انتخابات کے فاتح ہیں اور لوگوں سے مشاورت کے بعد اپنے اگلے فیصلے کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ انتخابات کے نتائج میں دھاندلی کو قبول نہیں کریں گے اور جو لوگ دھاندلی کرکے اقتدار میں پہنچنا چاہتے تھے، انہوں نے عوام کے لئے بڑے مسائل پیدا کر دیئے ہیں اور ملک کی سلامتی و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ عبداللہ عبداللہ نے بتایا کہ وہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے عمل سے اس لئے الگ ہو گئے کیونکہ ووٹوں کو جس بنیاد پر مسترد کیا جا رہا تھا، اس پر مفاہمت نہیں ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ افغانستان میں انتخابات کے نتائج کو لے کر اس وقت سیاسی بحران پیدا ہو گیا جب دوسرے مرحلے کے امیدوار عبداللہ عبداللہ نے ابتدائی نتائج کو قبول کرنے سے انکار کر دیا جن میں دوسرے امیدوار اشرف غنی احمد زئی کو فاتح قرار دیا گیا۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ وہ عوام کے سامنے ووٹوں کی گنتی میں دھاندلی کے ثبوت پیش کرکے ایک متوازی حکومت قائم کریں گے۔
.......

/169