اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یہ غلط تاثر دیا جاتا رہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں 6 میں سے 5 مطالبات پر اتفاق ہوچکا ہے، جب تک تفصیلات طے نہیں ہوجاتیں یہ نہیں کہا جاسکتا کہ معاملہ حل ہوچکا ہے اور مطالبات مان لئے گئے ہیں۔ حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اب حکومت کی جانب سے بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور بامعنی مذاکرات ہو رہے ہیں، اس ضمن میں دونوں فریقین کے درمیان تحریری مواد کا تبادلہ بھی ہو رہا ہے اور پورا ہوم ورک کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ اگر معیشت کو خطرہ ہے تو یہ معیشت پاکستان کی ہے، ہم بھی اس سے متاثر ہوتے ہیں، اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتے اور پاکستان کی بہتری پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور کل پھر ملاقات کریں گے جس کے بعد کل مزید تفصیلات سامنے لائیں گی، کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام تر معاملات جلد سے جلد حل کرکے ملک کو واپس نارمل حالات کی طرف لایا جائے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت کی بہتری قائم رکھنے کے لئے ہی دونوں فریقین بات چیت کر رہے ہیں اور کوشاں ہیں کہ جلد سے جلد معاملات حل ہوں اور معیشت واپس ترقی کی جانب گامزن ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲