3 ستمبر 2014 - 09:12
داعش نے ایک دوسرے امریکی صحافی کا سر قلم کر دیا + تصویر

عراق اور شام میں بڑے پیمانے پر تشدد میں ملوث تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دکھایا گيا ہے کہ اس کے شدت پسندوں نے دوسرے امریکی صحافی کو بھی مبینہ طور پر قتل کردیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراق اور شام میں بڑے پیمانے پر تشدد میں ملوث تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دکھایا گيا ہے کہ اس کے شدت پسندوں نے دوسرے امریکی صحافی کو بھی مبینہ طور پر قتل کردیا ہے۔

منگل کو انٹرنیٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں شدت پسندوں کو ایک شخص کا سر قلم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو مبینہ طور پر مغوی امریکی صحافی اسٹیون سوٹلوف ہے۔

اسٹیون سوٹلوف کو 2013 میں شام میں اغوا کر لیا گیا تھا۔

گذشتہ مہینے داعش کی تحویل میں ایک اور امریکی صحافی جیمز فولی کا سر قلم کیے جانے والی ویڈیو کے آخر میں سوٹلوف کو بھی دکھایا گيا تھا۔

ویڈیو میں ایک نقاب پوش شخص نے عالمی برادری کو دھمکی دی ہے کہ وہ داعش کے خلاف امریکہ کے شیطانی اتحاد کی حمایت سے باز رہے۔

ویڈیو میں دکھائے جانے والے جنگجو کا کہنا ہے کہ اگر داعش کے خلاف امریکی اور دیگر مغربی ملکوں کی کارروائیاں جاری رہیں تو تنظیم اپنی تحویل میں موجود ڈیوڈ ہینز نامی برطانوی مغوی کو بھی قتل کردے گی۔

دوسری جانب، وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے کہا ہے کہ امریکی حکام ویڈیو سے متعلق اطلاعات کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈھائی منٹ کی اس ویڈیو کو ’امریکہ کے نام دوسرا پیغام‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔


.......

/169