31 اگست 2014 - 09:28
ڈاکٹرحسن روحانی ، ایران امریکہ پر اعتماد نہيں کرتا

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے عوام کو امریکا پر اعتماد نہیں ہے اور امریکا کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کے سبب عدم اعتماد کا ماحول اور بھی گہرا ہوگا لہذا ہم امریکا کی جانب سے ایران پر لگائی گئی نئے پابندیوں کو جنیوا معاہدے کے خلاف سمجھتے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر روحانی نے مختلف ٹی وی چینلز اور ریڈيو نشریات سے براہ راست طور پر نشر ہونے والی پریس کانفرنس میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے دعوے کرنے والے ممالک کو چاہئے کہ اپنے دعوے میں سنجیدہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سے پہلے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کہا تھا کہ تشدد اور شدت پسندی کے خلاف تمام ملک متحد ہو جائیں۔ ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ دہشت گردی سے جدوجہد کا طریقہ یہ ہے کہ اس کا دعوی کرنے والے ملک اپنے دعوے میں سچے ثابت ہوں۔ صدر روحانی نے کہا کہ شام یا عراق میں دہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں امریکی یا کوئی اور شہری مارا جاتا ہے تو اس میں کوئی فرق نہیں ہونا چاہئے یہ ایک بین الاقوامی بحران ہے، ہم اپنے علاقے میں اس بحران سے لڑ رہے ہیں اور دیگر ممالک کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ڈاکٹر روحانی نے امریکا کی جانب سے ایران پر لگائی گئی نئی پابندیوں کے بارے میں کہا کہ ہم فخر سے کہتے ہیں کہ ان پابندیوں کو ناکام بنانے کے لئے ہم قدم اٹھا رہے ہیں کیونکہ ان پابندیوں کو غیر قانونی اور کچھ پابندیوں کو تو غیر انسانی سمجھتے ہیں۔

.......

/169