اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سپاہ پاسداران کے نائب سربراہ نے کہا ہےکہ صیہونی ڈرون طیارہ کو ایران کی فضا میں داخل ہوتے ہی دیکھ لیا گيا تھا لیکن ہم صیہونی حکومت کی چالوں سے آگاہ ہونا چاہتے تھے لہذا اسے ایران میں داخل ہونے کی اجازت دی گئي اور مناسب موقع پر مار گرایا گيا۔ فارس نیوز کے مطابق سپاہ پاسداران کے نائب سربراہ جنرل حسین سلامی نے آج دفاتر اور اداروں میں رضاکار فورسز کے شہدا کی مجلس میں کہاکہ ہمیں اس صیہونی ڈرون کی ریورس انجینیرنگ کی کوئي ضرورت نہیں گرچہ ہم اس کی توانائي رکھتے ہیں۔ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ یہ ڈرون طیارہ اسرائيل سے نہیں اڑا تھا کیونکہ اس کی رینج اتنی زیادہ نہیں ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطین سے اڑ کر ایران کے مرکزی علاقے تک پہنچ سکے۔ ہمیں تقریبا معلوم ہے کہ اسرائيل کا یہ ڈرون طیارہ کہاں سے اڑا تھا لیکن فی الحال ہم کوئي فیصلہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈرون طیارہ ممکن ہے علاقے کے کسی تیسرے ملک کے فوجی اڈے سے اڑا ہو۔ واضح رہے سپاہ پاسداران نے کہا ہے کہ اس نےصوبہ اصفہان میں نظنز کی فضا میں صیہونی حکومت کا ایک ڈرون طیارہ مارگرایا ہے۔ نطنز میں ایران کی اہم ایٹمی تنصیبات ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲