27 اگست 2014 - 01:54
ہندوستان اور پاکستان مذاکرات کی راہ اختیار کریں

ہندوستان اور پاکستان کے مابین سفارتی اور سرحدی کشیدگی پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے دونوں ملکوں کو مسائل حل کرنے کیلئے مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کامشورہ دیا

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان اور پاکستان کے مابین سفارتی اور سرحدی کشیدگی پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے دونوں ملکوں کو مسائل حل کرنے کیلئے مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کامشورہ دیا۔تاہم انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کی نیویارک میں ملاقات کویقینی بنانے کیلئے کوئی رول اداکرنے کااشارہ نہیں دیا۔ ادھربین الاقوامی سرحداورحدمتارکہ پرجنگ بندی خلاف ورزیوں اورپاکستانی فوج کی بلااشتعال گولہ باری سے پیداشدہ صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ29اگست کوجموں کاہنگامی دورہ کریں گے جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری مسلسل کشیدگی اور ہند پاک افواج کے درمیان ہلاکت خیز گولہ باری کے تبادلے کو لیکر علاقائی اور عالمی سطحی پرتشویش میں اضافہ ہو رہا ہے ۔اسی تناظر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے بھارت اور پاکستان کو کشیدگی پر قابو پانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کو اپنے تمام مسائل پر امن طور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہیں ۔خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے نیویارک میں قائم اقوام متحدہ کے دفتر سے جاری کردہ اپنے بیان میں بھارت اور پاکستان کے درمیان جموں و کشمیر میں سرحدی کشیدگی پر سخت فکر مندی اور تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں دونوں ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ تمام دو طرفہ مسائل پر امن طور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی راہ اپنائیں۔ تاہم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اس بات کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا گیا ہے کہ آیا بان کی مون بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی سرحدی اور سفارتی کشیدگی پرقابو پانے میں کوئی مداخلت کریں گے یا نہیں۔اس کے ساتھ ہی بیان میں اس جانب بھی کوئی اشارہ نہیں کیا گیا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ہند پاک وزرائے اعظم کو ماہ ستمبر میں نیویارک میں ملاقات کے حوالے سے حوصلہ افزائی کریں گے یا نہیں۔ واضح رہے ہندوستانی وزیر اعظم نریندرا مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب میاں نواز شریف کے درمیان ماہ ستمبر میں ہونے والے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران نیویارک میں ملاقات ہونی تھی لیکن پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی طرف سے کشمیری علیحدگی پسند لیڈران کے ساتھ رواں ماہ ملاقاتوں اور جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی فوج اور رینجرز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے ہندوستانی دعوے نیز سیز فائرمعاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کے تناظر میں نئی دہلی نے دونوں ملکوں کے خارجہ سیکریٹریوں کے مابین 25اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی میٹنگ منسوخ کر ہے۔ واضح ر ہے کہ جموں صوبہ کے مختلف سیکٹروں میں حالیہ کچھ ایام کے دوران ہندوستانی اور پاکستانی فوجوں کے درمیان گولہ باری اور فائرنگ کے تبادلے میں آر پار نصف درجن سے زیادہ افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہو چکے ہیں اور سرحدی کشیدگی جاری رہنے کے نتیجے میں سرحد کے آر پار 3درجن سے زیادہ دیہات کو خالی کرا لیاگیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲