26 اگست 2014 - 06:29
داعش کے خلاف عالمی برادری کی جانب سے ٹھوس اقدام کی ضرورت: بان کی مون

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف عالمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شمالی عراق کی صورت حال کو بحرانی اور تشویشناک قرار دیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف عالمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شمالی عراق کی صورت حال کو بحرانی اور تشویشناک قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے سی این این نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال میں دنیا کو مختلف قسم کے بحرانوں کا سامنا ہے جن میں عراق ، یوکرین، لیبیاء، جنوبی سوڈان اور سینٹرل افریقہ کے حالات کی طرف اشارہ کیا جاسکتا ہے تاہم ان تمام بحرانوں کو حل کرنے کیلئے عالمی برادری کی متحدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔انھوں نے خاصطور سے عراق میں داعش دہشتگرد گروہ کے ہاتھوں پیدا ہونے والی بحرانی صورت حال کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اس وقت اس ملک میں خاصطور سے شمالی علاقوں میں لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور عالمی برادری نے اگر متحدہ طور پر داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف متحدہ طور پر موثر اقدام نہیں کیا تو صورت حال اور زیادہ بحرانی اور تشویشناک ہوجائےگی۔ بان کی مون نے اسی طرح شام کی صورت حال کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ شام میں بحرانی صورت حال جاری رہنے کی بناء پر دہشتگرد گروہوں کو اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع میسر ہوا ہے اور عالمی برادری کو چاہیئے کہ بحران کا خاتمہ کرانے کی کوشش کرے۔انھوں نے کہا کہ امریکی صدر بارک اوباما آئندہ مہینے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اس قسم کے مسائل کے حل کی غرض سے ایک اجلاس تشکیل دینے والے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲