14 اگست 2014 - 13:57
یوم آزادی کے موقع پر ہمیں قانون کی پاسداری کا عہد کرنا چاہیے: نواز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ آئين کی حکمرانی، قانون کی پاسداری اور جمہوریت کے تسلسل پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ آئين کی حکمرانی، قانون کی پاسداری اور جمہوریت کے تسلسل پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی کے باہر جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی قیادت میں آزادی کے لئے ہم نے کتنی قربانیاں دی ہیں،آج کا دن ہمیں اس آزادی کا تحفظ اور دفاع پاکستان کے لئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہیدوں کی بھی یاد دلاتا ہے اور صبح آزادی کی روشنی ان ہی شہیدوں کے خون سے منور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے شمالی وزیرستان میں فیصلہ کن آپریشن کا آغاز کیا جو کامیابی سے جاری ہے، پوری قوم اس آپریشن میں جانیں قربان کرنے والے افسران و جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطین میں غزہ کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی مظالم کسی المیے سے کم نہیں، شہری بستیوں پر بمباری، معصوموں کا قتل عالمی برادری اور انسانی ضمیر کے لئے لمحہ فکریہ ہے جس کی پاکستان شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب دنیا پر لازم ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کا نوٹس لے۔ اگر اقوام متحدہ جیسے ادارے اسرائیل کی جارحیت کا راستہ نہ روک سکے تو ان اداروں پر سے قوموں کا اعتبار اٹھ جائے گا اور دنیا غیر محفوظ ہوجائے گی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر شاندار پریڈ پر مسلح افواج اور فضائی فلائی پاس پر  فضائیہ کو مبارکباد بھی پیش کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲