4 جولائی 2014 - 14:41
حتمی سمجھوتے کے مسودے کے متعلق مزید مشورہ کے لیے مذاکرات ملتوی

ایران اور پانج جمع ایک کے مذاکرات مزید صلاح و مشورے کی غرض سے دونوں فریقوں کے اتفاق رائے سے کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دئے گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کی سکریٹری ہلگا اشمید کے درمیان دو طرفہ مذاکرات، مزید صلاح و مشورے کی غرض سے دونوں فریقوں کے اتفاق رائے سے کچھ دیر کیلئے ملتوی کردیئے گئے۔فریقین کے درمیان یہ گفتگو، ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کے تیسرے روز،  ویانا کے وقت کے مطابق آج صبح نو بجے شروع ہونے والی تھی۔جنیوا کے جوہری سمجھوتے کی بنیاد پر بیس جولائی تک حتمی سمجھوتے کے حصول کیلئے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کا آخری دور، بدھ کے روز ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کیتھرین ایشٹن کے درمیان، دو طرفہ ملاقات کے ساتھ شروع ہوا ہے۔ اس دوران ایران اور امریکہ نیز تین یورپی ملکوں کے حکام کے مابین متعدد مرتبہ دو طرفہ گفتکو بھی ہوئی۔ان ملاقاتوں میں ایرانی فریق نے تہران کے پرامن جوہری پروگرام کے بارے میں ایران کے مواقف پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ تہران، حتمی سمجھوتے کیلئے مکمل طور پر آمادہ ہے اور مقابل فریق نے بھی اگر اس سلسلے میں اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا تو مقررہ وقت میں حتمی سمجھوتے کے حصول کا امکان کافی بڑھ جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲