20 جون 2014 - 11:51
کشمیر میں لاپتہ جوانوں کی لاشیں ملنے سے سنسنی پھیل گئی

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے اننت ناگ کے ایک گاؤں میں گذشتہ شب لاپتہ ہونے والے ایک نوجوان کی لاش ایک درخت پر لٹکتی ہوئی پائی گئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے اننت ناگ کے ایک گاؤں میں گذشتہ شب لاپتہ ہونے والے ایک نوجوان کی لاش ایک درخت پر لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ ادھر کولگام میں ایک دوشیزہ کی لاش ایک کھیت سے برآمد ہونے کے بعد سنسنی پھیل گئی۔ شبیر احمد بٹ ولد عبدالمجید نامی 25سالہ ٹریکٹر ڈرائیور بدھ کی شب اپنے گھر سے باہر نکلا اور رات دیر گئے تک واپس نہیں لوٹا۔ اس کے گھر والوں نے اسے ڈھونڈنے کی بہت کوشش کی لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ جمعرات کی صبح اس کے رشتہ دار اسے تلاش کررہے تھے کہ گاؤں میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب شبیر احمد کو ایک نالے کے کنارے درخت سے لٹکتا ہوا پایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور اس کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کی جس کے نتیجے میں علاقے میں صف ماتم بچھ گئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ اسے قتل کیا گیا ہے یا اس نے خود کو پھانسی پر لٹکا دیا۔ ادھر پولیس ذرائع نے بتایا کہ دیوسر کولگام کے لنکر پمبئی نامی گاؤں میں گذشتہ شب ایک دوشیزہ کی لاش کھیت سے برآمد کی گئی۔ بعد میں اس کی شناخت گلشن آرا دختر عبدالاحد نائیک کے نام سے ہوئی اور پولیس نے قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لاش ورثہ کے سپرد کی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ دوشیزہ دماغی طور پر کمزور تھی اور اس کی موت کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے چھان بین جاری ہے۔
 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز