اہل بیت(ع) نیوز ایجسنی۔ابنا۔ پاکستان میں کراچی ایئرپورٹ پر دھشتگردوں کے حملے کے بعد اس ملک کے وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ہے۔ اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام ، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم، وزیراعظم کے مشیرامور خارجہ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران کراچی کی صورت حال اور دہشتگردوں کی جانب سے کی جانے والی حالیہ کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ دھشتگردوں کے خلاف آھنی ہاتھوں سے نمٹا جائے اور سیکیورٹی فورسز پر دھشتگردانہ حملے کسی صورت برداشت نہیں کیئے جائینگے۔ دوسری جانب پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پاکستان کی فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 25 دھشت ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس حملے میں دھشتگردوں کے کئی ٹھکانوں کونشانہ بنایاگیا۔ پاکستان فوج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی آر نے منگل کو بتایا کہ ایف سولہ طیاروں نے خیبر ایجنسی کے علاقے کوکی خیل میں عسکریت پسندوں کے نو مشتبہ ٹھکانوں کونشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات میں آئی ایس پی آر نے حملوں میں25 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا تھا۔ یاد رہے کہ اتوار کی رات کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے منظم حملے کے بعد قبائلی علاقوں میں فوج کی یہ پہلی کارروا ئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲