10 جون 2014 - 12:01
تفتان اور کراچی ائرپورٹ پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، علامہ عارف واحدی

مذمتی بیان میں سیکرٹری جنرل ایس یو سی نے کہا کہ اگر حکومت کراچی کے آپریشن کو مربوط حکمت عملی کے تحت سرانجام دیتی اور دہشتگردوں کے نیٹ ورک پر آہنی ہاتھ ڈالا جاتا تو یہ رسوائی نہ ہوتی۔

ابنا: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے دو مختلف دردناک اور المناک سانحات جن میں سانحہ تفتان بارڈر اور سانحہ ایئرپورٹ کراچی شامل ہیں کے خلاف علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر تین روزہ سوگ اور ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے اور دہشتگرد آزادنہ طور پر کاروائیاں کررہے ہیں اور وہ جہاں چاہتے ہیں، جب چاہتے ہیں دہشتگردی کرتے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے اس مسئلہ پر کوئی سنجیدگی نظر نہیں آ رہی۔

علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ اگر حکومت کراچی کے آپریشن کو مربوط حکمت عملی کے تحت سرانجام دیتی اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک پر آہنی ہاتھ ڈالا جاتا تو یہ رسوائی نہ ہوتی۔ عوام ریاستی و سکیورٹی اداروں سے سوال کرنے میں حق بجانب ہے کہ اتنے عرصہ سے کراچی میں جو آپریشن جاری ہے اسمیں کتنی کامیابی ملی؟ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا اس وقت تک ملک میں قیام امن و استحکام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا، دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں، اس ملک میں بےیار و مددگار مسافروں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ہے۔ کوئٹہ (تفتان بارڈر) اور کراچی ایئر پورٹ پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے کے بعد کی صورتحال پر تشویش کا اظہار اور واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت اپنی رٹ قائم نہیں کرے گی تو اس وقت تک اس قسم کے واقعات ہوتے رہیں گے جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا۔ ہم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں، انتہا پسندوں اور ان کے سرپرستوں کو بےنقاب کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے سانحہ تفتان بارڈر اور کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے زائرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پوری ملت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

.......

/169