ابنا: برطانوی پارلیمنٹ کے رکن جارج گیلووے نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف کافی ثبوت موجود ہیں، وہ برطانوی شہری ہیں اور ان کے خلاف مقدمہ برطانوی قانون کے مطابق چلنا چاہیے۔ جرمن نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں جارج گیلووے نے کہا کہ میں الطاف حسین کی گرفتاری پر بہت خوش ہوں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کی گرفتاری پر کراچی میں ان کے مضبوط سیاسی گڑھ میں جس طرح کا ردعمل سامنے آیا ہے وہ پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے میں الطاف حسین کی لندن میں سرگرمیوں سے آگاہ تھا اور میں اس بارے میں دوسرے ارکان پارلیمنٹ سے بات کرتا رہا، میں نے انہیں بتایا کہ الطاف حسین کراچی کے گاڈ فادر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایک سال پہلے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف مقدمہ چلایا جائے، جس پر حکام نے مجھے یقین دلایا تھا کہ پولیس ان کی سرگرمیوں کے بارے میں تحقیقات کر رہی ہے اور اس حوالے سے پیشرفت اب سامنے آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے جرائم سے متعلق ان کی ہر تقریر میں ثبوت موجود ہیں، جو انہوں نے لندن سے ٹیلی فون پر کراچی میں کی۔ پاکستان سے سفارتی تعلقات کے پیش نظر برطانیہ کے الطاف حسین کو رہا کرنے بارے سوال پر انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اب برطانوی شہری ہیں اور ان کے خلاف برطانوی قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔
.......
/169