20 مئی 2014 - 17:25
توہین اہل بیت (ع) پر جیو ٹی وی کے تمام چینلز کا لائسنس معطل

پاکستان الیکٹرانک میڈیا کنٹرول اتھارٹی کے اراکین نے آج ایک اہم اجلاس کے بعد متنازعہ ٹی وی چینل جیو کے تمام چینلز کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پیمرا کے اراکین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج پیمرا کی 97ویں شیڈول کی میٹنگ تھی جس میں ملک بھر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیمرا پنجاب کے نمائندے میاں شمس الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں تمام اراکین نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ جیو نیوز، جیو انٹرٹینمنٹ اور جیو تیز کے لائسنس فوری طور پر معطل کئے جانے اور ان کے دفاتر سیل کرنے کے احکامات جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیو ٹی وی کے مالک میر شکیل الرحمان نے اپنے پیسے کی چمک دمک سے پیمرا اراکین پر بہت دباؤ ڈالا لیکن اراکین نے اپنی ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے جیو ٹی وی کا لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا جس پر وہ داد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا کے سرکاری ممبران پر حکومت کی جانب سے دباؤ ہے اس لئے وہ اجلاس میں شرکت کرنے اور کوئی بھی فیصلہ کرنے سے کترا رہے ہیں تاہم 28 مئی کو اتھارٹی کا دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ہم امید کرتے ہیں کہ سرکاری ممبران بھی شرکت کریں گے اور لائسنس منسوخی کا حتمی اور متفقہ فیصلہ ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی پر الزامات عائد کرنے اور مارننگ شو اٹھو جاگو پاکستان میں توہین اہلیبیتؑ کے مرتکب ہونے کے بعد پاکستانی عوام کی جانب سے حکومت پر شدید دبائو ڈالا گیا تھا کہ اس چینل کو فوری طور پر بند کر کے اسکے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اس سلسے میں پاکستان بھر میں مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲