17 مئی 2014 - 13:41
صدر کا انتخاب لبنانی گروہوں کی اتفاق رائے کے بغیر ناممکن

حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سکریٹری جنرل نے اس ملک کے نئے صدر کے انتخاب کو لبنانی گروہوں کی اتفاق رائے کے بغیر ناممکن قرار دیاہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حزب اللہ لبنان کے ڈپٹی سکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے لبنان کے ٹی وی چینل المیادین کے ساتھ گفتگو میں میشل سلیمان کے دورۂ صدارت کی مدت میں توسیع کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ ملک میں جلد از جلد لبنان کے نئے صدر کے انتخاب کی خواہاں ہے اور اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ یہ انتخاب، اتفاق رائے کے بغیر ممکن نہیں ہے کیوں کہ آٹھ مارچ اور چودہ مارچ گروپوں کے درمیان اختلافات زیادہ ہیں۔ شیخ نعیم قاسم نے قانونی مہلت ميں نئے صدر کے انتخاب کو بعید بتاتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ نے اب تک صدارتی عہدے کےلئے اپنے نامزد امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے اور اگر تبدیلی اور اصلاح دھڑے کے سربراہ میشل عون کومتعارف کرانے پر اتفاق رائے ہوجاتا ہے تو حزب اللہ اس اتفاق رائے پر عمل کرے گي۔ واضح رہے کہ لبنان کے صدر 24 مئی 2014 تک ایوان صدارت میں رہ سکتے ہیں اور اس سے پہلے ہی اس ملک کے پارلیمانی نمائندوں کو صدراتی امیدوار کے بارے میں اتفاق رائے کرنا ضروری ہے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲