اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آج تھران میں پاکستان کے وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کو ریل اور سڑک سے متصل کر کے اسلام آباد اور تھران کے درمیان اوپٹکل فائبر بھی بچھانے پر آمادگی رکھنے کا اظہار کیا ہے۔ صدارتی پریس نوٹ کے مطابق صدر مملکت روحانی نے پاکستان خاص طور پر دونوں ملکوں کے سرحدی صوبوں کے ساتھ ثقافتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کا مطالبہ کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان بجلی کی منتقلی کا پروگرام مزید فروغ پائے گا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایران اور پاکستان کی سرحدوں میں امن و استحکام کو ایران کی ملت اور حکومت کے لئے نہایت ہی اہم قرار دیا اور دھشتگرد گروہوں کے قبضے سے ایران سیکیورٹی اہل کاروں کی رہائی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے تعاون کی قدردانی کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے گیس پائپ لائن منصوبے میں ایران کی عظیم سرمایہ کاری اور اس حوالے سے اپنے تمام وعدؤں کی انجام دہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی یہ خواہش ہے کہ مدمقابل فریق بھی اپنے وعدوں پر عمل کرے۔ صدر مملکت نے تاکید کی کہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں منجملہ ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے کسی قسم کی بھی کوئی رکاوٹ موجود نہیں ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ اپنے ملک کے تاریخی اور مذھبی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کا اور پاکستانی حکام کا دورۂ تھران دونوں ملکوں کے تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوگا۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پاکستان ایران کی گیس کی پاکستان منتقلی کے منصوبے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کے لئے پختہ عزم و ارادہ رکھتا ہے، کہا کہ دونوں ملکوں کے تجارتی لین دین کا حجم آئندہ آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گا۔پاکستان کے وزیراعظم نے اپنے ملک میں بجلی کی قلت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران سے درخواست کی کہ وہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے اسلام آباد کی مدد کرے۔






۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲