اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صوبہ سندھ کے علاقے نوابشاہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ رات آنے والے زلزلے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ ساٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ رات 3 بج کر 50 منٹ پر آنے والے زلزلے نے نوابشاہ کی سوتی ہوئی عوام کو جھنجوڑ کر رکھ دیا اور عوام خوف اور دہشت کے عالم میں سڑکوں پر نکل آئے۔ زلزلے کی شدت 5.0 تھی جبکہ اس کا مرکز نوابشاہ سے 27 کلو میٹر شمال مشرق میں واقع علاقہ تھا۔ اس کے ٹھیک ایک گھنٹے بعد دوسرا شدید جھٹکا محسوس کیا گیا۔ علاقے سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق زلزلے سے کئی مکانات منہدم ہو گئے، اور لوگ ملبے تلے دب گئے جنھیں مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے نکال کر اسپتال روانہ کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی صرف 10 کلو میٹر تھی جس کی وجہ سے زیادہ نقصانات ہوئے۔ نوابشاہ کے علاوہ سندھ کے دوسرے شہروں سانگھڑ، سکرنڈ، شہداد پور سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ حکومت سندھ نے ان علاقوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، جبکہ تعلیمی اداروں میں آج چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲