اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کی ریاست آسام میں مقامی قبائل کی مسلح تنظیم نے حامی جماعت کو ووٹ نہ دینے پر مزید 10 مسلمانوں کو قتل کردیا جس کے نتیجے میں گزشتہ 3 روز میں جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔ ہندوستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ریاست آسام کے ضلع کوکراجھاراور باسکا میں آباد مسلمانوں کے خلاف گزشتہ 3 روز سے مسلح کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی باسکا کے علاقے نارائن گڑی سے مزید 8 لاشیں ملی ہیں جن میں 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ کاگراباری سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد ہلاک کئے گئے مسلمانوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔ حالات کے پیش نظر نارائن گڑی کے مکین مسلمان نقل مکانی پر مجبور ہوگئے جبکہ حکومت نے متاثرہ علاقے میں فوج طلب کر کے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ دو برس قبل بھی مقامی قبائل اور وہاں مقیم مسلمانوں کے درمیان بڑے پیمانے پر فسادات ہوئے تھے جن میں درجنوں مسلمان جاں بحق ہوگئے تھے۔ ادھر ریاست آسام میں باغیوں کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کے لواحقین نے احتجاجاً میتوں کو دفنانے سے انکار کردیا ہے۔ مرنے والوں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ جب تک آسام کے وزیر اعلیٰ ترون گوگی متاثرہ علاقے کا دورہ نہیں کریں گے، تب تک میتیں دفنائی نہیں جائیں گی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲