28 اپریل 2014 - 14:02
ایران، پاکستان میں امن کو اپنے ملک میں امن کے مترادف سمجھتا ہے: صدر جمہوریہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام ملکوں کی سنجیدہ اور ذمہ دارانہ کوششوں اور امن و استحکام کی برقراری کی ضرورت پر تاکید کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  صدر مملکت نے آج تہران میں پاکستان کے خارجہ امور میں اس ملک کے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز سے گفتگو کرتے ہوئے دہشتگردی کو علاقے کی قوموں سمیت ساری اقوام عالم کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو دوستانہ، برادرانہ اور خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان میں امن و استحکام کو اپنے امن و استحکام کے مترادف سمجھتا ہے۔ انھوں نے اسی طرح ایران اور پاکستان کی مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو دونوں ملکوں کیلئے ایک اہم مسئلہ قرار دیا اور اس سلسلے میں تشویش دور کئے جانے کیلئے ضروری تدابیر اختیار کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات کی سطح کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں کافی مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔اس ملاقات میں پاکستان کے خصوصی ایلچی سرتاج عزیز نے بھی ایران کے صدر جمہوریہ کو اپنے ملک کے وزیراعظم کا تحریری پیغام پہنچاتے ہوئے دونوں ملکوں کی مشترکہ اقدار کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا مناسب ذریعہ قرار دیا۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز، ایران کے دورے پر کل رات تہران پہنچے ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے دورۂ تہران کے بارے میں تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کرنا ہے۔ ان کا یہ دورہ، عنقریب انجام پانے والا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲