24 اپریل 2014 - 12:40
تہران تعلقات کے فروغ پر عبداللہ عبداللہ کی تاکید

افغانستان کے نامزد صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ نے کابل تہران تعلقات کے فروغ پر تاکید کی ہے۔

ابنا: عبداللہ عبداللہ نے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کے تحفظ اور دوام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان دونوں ملکوں کے تعلقات میں توسیع کے ساتھ ہی، معاشی اورثقافتی تعاون میں اضافہ ہوگا اور ایران اور افغانستان، مشترکہ تاریخ و ثقافت کے ذریعے علاقائی تعاون میں، مثالی نمونہ قرار پائیں گے۔ عبد اللہ عبد اللہ نے تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو میں تہران کے ساتھ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران دینی، ثقافتی اور تاریخی مشترکات کا حامل ہمارا ایک بڑا اور اہم پڑوسی ملک ہے۔ قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے ساتھ ایران کے ہمیشہ خوشگوار روابط رہے ہیں اور ایران کی حکومت اور عوام نے مختلف مراحل اور مواقع پر افغان عوام کی حمایت کی ہے۔ اور ایران نے افغانستان میں امن کے قیام اور تعیمر نو میں بنیادی کردار ادا کیا ہے اور ایران سینکڑوں افغان مہاجروں کا میزبان ہے۔ افغانستان کے الیکشن کمیشن کی جانب سے اتوار کو جاری کئے جانے والے صدارتی انتخابات کے جزوی نتائج کے مطابق عبداللہ عبداللہ کو اپنے قریبی حریف اشرف غنی پر دس فیصد سے زیادہ ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پانچ اپریل کو ہونے والے الیکشن میں ڈالے گئے 70 لاکھ ووٹوں میں سے تقریباً نصف کی گنتی ہو چکی ہے اور سابق وزیرِ خارجہ عبداللہ عبداللہ نے ان میں سے چوالیس اعشاریہ چار جبکہ سابق وزیرِ خزانہ اشرف غنی نے تینتیس اعشاریہ دو فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں۔

.......

/169