اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔۔ ٹرین حادثے پرایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کانگو کے عوام اور قوم، خاص طور پر اس واقعے میں مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ واضح رہے کہ عوامی جمہوریہ کانگو میں ایک تیز فتار ٹرین کی کئی بوگیوں کے پٹری سے اتر جانے کے باعث کم از کم 63 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق حادثہ کانگو کے جنوبی صوبے کٹانگا کے قصبے لکاسی کے نزدیک پیش آیا جہاں ایک موڑ پر تیز رفتار مال بردار ٹرین کے 12 ڈبے الٹ گئے۔ اس افریقی ملک میں کئی دہائیوں سے جاری سیاسی عدم استحکام اور خانہ جنگی کے باعث بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے اور مسافر ٹرینوں کی کمی کے باعث لوگ اکثر مال بردار ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں۔ کٹانگا کے وزیر داخلہ کے مطابق الٹنے والی بوگیوں میں کم از کم 50 افراد پھنسے ہوئے تھے جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔ وزیر داخلہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہورہا ہے کہ ٹرین کی رفتار بہت زیادہ تھی اور موڑ آنے پر ڈرائیور کو ایمرجنسی بریک لگانے پڑے جس کے باعث بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ 2007ء میں بھی کانگو کے صوبے کسائی اوکسی ڈینشل میں مسافروں سے بھری ایک مال بردار ٹرین الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲