24 اپریل 2014 - 12:29
آیت اللہ بشیر نجفی کی وسیع پیمانے پر انتخابات میں شرکت کرنے کی تاکید

عراق کے ایک مرجع تقلید نے اس ملک کے عوام سے سفارش کی ہے کہ وہ پارلیمانی انتخابات میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ذرائع کے مطابق عراق کے چار عظیم مراجع کرام میں سے شیخ بشیر النجفی نے شہر نجف اشرف میں ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق میں غربت، بے روزگاری اور امن و استحکام کے فقدان اور دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کا یہ تقاضا ہے کہ عراقی عوام وسیع پیمانے پر پارلیمانی انتخابات میں شرکت کریں اور پارلیمنٹ کے لئے باصلاحیت اور کار آمد نمائندوں کا انتخاب کریں۔ عراق کی دینی مرجعیت کے نمائندے عبدالمہدی کربلائی نے بھی عراق کے پارلیمانی انتخابات کے نامزد امیدواروں اور سیاسی گروہوں سے مطالبہ کیا ہے کہ غربت کے خاتمے اور عوام کی خدمت کو اپنی ترجیحات میں قرار دیں۔ الکربلائی نے عراق ميں اقوام متحدہ کے وفد کے حوالے سے کہا کہ عراق میں تقریبا ساٹھ لاکھ افراد غربت کی لکیر کے نیچے زندگي گذار رہے ہيں اور عراق، تیل سے مالامال ملک ہونے کے باوجود پانچواں غریب عرب ملک ہے جو معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔ عراق کے شیعہ مراجع کرام نےمختلف مواقع پر اس ملک میں 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات میں عوام کو شرکت کی دعوت دی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲