18 اپریل 2014 - 20:53
 کشمیر میں پارلیمانی انتخابات سے قبل پہلی سیاسی ہلاکت

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے اونتی پورہ میں نامعلوم افراد نے پی ڈی پی سے وابستہ ایک سرپنچ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ریڈیو تہران کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پارلیمانی انتخابات سے قبل پہلی سیاسی ہلاکت اس وقت سامنے آئی جب اونتی پورہ کے علاقے میں نامعلوم بندوق برداروں نے اپوزیشن جماعت پی ڈی پی سے وابستہ ایک سرپنج کو گولیوں کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔ ادھر فورسز اور پولیس نے فوری طور پر علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ پارلیمانی حلقے میں انتخابات سے ایک ہفتہ قبل ہی اونتی پورہ گلزار پورہ میں حزب اختلاف پی ڈی پی کے سرپنچ کو فائرنگ کر کے اس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھے۔ اس حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد امین پنڈت سرپنج اپنے گھر میں موجود تھے کہ اس دوران تقریباً رات کے 10 بجکر 30 منٹ پر نامعلوم بندور برداروں نے انہیں گھر سے باہر نکالا۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد امین کو کچھ ہی دور لے جاکر گولیاں ماری گئیں۔ جس کی وجہ سے وہ خون میں لت پت ہو کر وہیں گر گئے۔ اس موقع پر اگرچہ پورے علاقے میں گولیوں کی آواز سے خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں ہی دبک کر بیٹھ گئے تاہم بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سرپنج کے اہلخانہ کچھ دیر کے بعد گھر سے باہر آئے اور یہ دیکھ کر دم بخود رہ گئے کہ محمد امین پنڈت خون میں لت پت زمین پر  گرے ہوئے تھے۔ محمدامین پنڈت کو فوری طور پر اگرچہ اسپتال لے جانے کی کوشش بھی کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
ادھر گولیوں کی آواز سن کر فوری طور پر فورسز اور پولیس اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لے کر علاقے کو بھی محاصرے میں لیا گیا جبکہ حملہ آوروں کی تلاش بھی شروع کی گئی ۔ اس دوران مذکورہ پنچ کو آبائی قبرستاں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ اتوار کو تحصیل پلوامہ کے کھریو شار میں بھی نیشنل کانفرنس کے ایک یوتھ لیڈرکے گھر پر حملہ کیا گیا جس کے دوران 2پولیس اہلکار اور 2جنگجو جاں بحق ہوئے تھے ۔ پی ڈی پی نے اس ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے نیشنل کانفر نس پر اس کا الزام عائد کیا ہے۔
 ادھرنیشنل کانفرنس نے نامعلوم بندوق برداروں کی طرف سے اونتی پورہ میں سرپنچ کے قتل پر رنج و الم کا اظہار کیا۔ پارٹی کے ترجمان جنیو متو نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایسے کسی بھی اقدام کی مذمت کرتی ہے جس میں معصوم لوگوں کا خون بہایا جائے۔ انہوں نے مارے گئے سرپنچ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس اس غم میں شریک ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل سی پنچایت راج علی محمد ڈار نے بھی اس قتل پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز