اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ڈاکٹروں کی عالمی تنظیم نے جنوبی سوڈان میں انسانی المیے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل برونویکوم نے کہا ہےکہ جنوبی سوڈان میں خون خرابہ ختم کرنے کی کوششوں میں تاخیر اور متحارب گروہوں کے اقوام متحدہ پر اعتماد نہ کرنے سے اس علاقے میں انسانی المیے میں شدت آسکتی ہے۔ برونویکوم نے جنوبی سوڈان کے تنازعے میں سفارتی کاری کی ناکامی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے کی صورتحال سے صاف ظاہر ہے کہ جب تک سفارتی کوششوں کو کامیابی نہیں ملتی یہاں جنگ جاری رہے گي۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی سوڈان میں عوام کو غذائي امداد پہنچانا اس وقت سب سے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غذائي قلت گرمیوں میں ہمہ گیر ہوجائے گي۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی سوڈان میں دسمبر دو ہزار تیرہ سے جھڑپیں شروع ہونےکے بعد سے تقریبا دس لاکھ سے زائد لوگ مختلف علاقوں کی طرف نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ جنوبی سوڈان کے متحارب گروہوں کے درمیاں جنوری میں ہونے والا صلح معاہدہ ناکام ہوگيا ہے۔ یہ معاہدہ اتھیوپیا میں ہوا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲